بدین میں مہمان پرندوں کے شکار اور جال لگانے پر 90 روز کی پابندی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ/ پی کے)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ہجرت کرکے آنے والے مہمان پرندوں کی آمد کے پیش نظر ضلع بدین میں پرندوں کے شکار اور انہیں پکڑنے کے لیے جال لگانے، نصب کرنے اور استعمال کرنے پر دفعہ 144 ضابطۂ فوجداری کے تحت 90 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی جانب سے 13 ستمبر 2026ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کنزرویٹر وائلڈ لائف حیدرآباد ڈویژن کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر بدین نے رپورٹ پیش کی تھی کہ ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کی آمد اور شکار کے سیزن 27-2026 کے قریب آنے کے ساتھ غیر قانونی شکاری جنگلی حیات کے مسکن اور آبی علاقوں کے اطراف سرگرم ہوگئے ہیں اور پرندوں کو پکڑنے کے لیے جال لگانے اور نصب کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایسی سرگرمیاں جنگلی حیات کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور نافذ العمل وائلڈ لائف قوانین کی خلاف ورزی بھی ہیں۔ اس لیے ضلع بدین میں بالخصوص جنگلی حیات کے مساکن، آبی علاقوں اور ہجرت کرکے آنے والے اور مقامی پرندوں کی آمد و رفت والے مقامات پر بٹیر، ہجرتی پرندوں اور مقامی پرندوں کو پکڑنے یا شکار کرنے کے لیے جال لگانے، نصب کرنے اور استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ پابندی 13 ستمبر 2026ء سے 11 دسمبر 2026ء تک 90 روز کے لیے نافذ العمل رہے گی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 144(6) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے یہ پابندی عائد کی ہے، جبکہ متعلقہ پولیس اسٹیشنز کے انسپکٹر یا اس سے اوپر کے عہدے کے پولیس افسران ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 195(1)(a) کے تحت پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت تحریری شکایات درج کرانے کے مجاز ہوں گے

مزید خبریں

Back to top button