’’تھر بدلے گا، پاکستان بدلے گا‘‘،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ’’تھر بدلے گا، پاکستان بدلے گا‘‘ کا خواب حقیقت بن چکا ہے، تھر کول منصوبے نے علاقے میں نمایاں تبدیلی پیدا کی ہے اور ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

تھر کول فیز تھری منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے تھر کے عوام اور تھر کول منصوبے سے وابستہ تمام ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مراد علی شاہ نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تھر آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 2019ء، 2022ء اور 2026ء میں تھر کول کے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے مواقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے 1996ء میں 2640 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کا منصوبہ شروع کیا تھا، تاہم حکومت کے خاتمے کے بعد تھر کو نظرانداز کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تھر کول منصوبہ بروقت مکمل ہوجاتا تو پاکستان کو بہت فائدہ پہنچتا۔

انہوں نے کہا کہ 2008ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت آنے کے بعد تھر کول منصوبے پر دوبارہ کام شروع کیا گیا، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی منصوبے کی بحالی کا فیصلہ کیا۔ اس سفر میں کئی اتار چڑھاؤ آئے اور ایک موقع پر وفاقی حکومت نے بھی تھر کول منصوبے سے ہاتھ اٹھا لیا تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 2014ء میں صدر آصف علی زرداری نے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مل کر تھر کول منصوبے کے لیے حوصلہ افزائی کی۔ ’’ہم کہتے تھے تھر بدلے گا، پاکستان بدلے گا اور ہم نے یہ کر دکھایا۔‘‘

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق تھر کول منصوبے نے علاقے میں نمایاں تبدیلی لائی ہے۔ ماضی میں تھر میں بنیادی سہولیات کا فقدان تھا، تاہم سندھ حکومت نے سڑکوں، ایئرپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے، آج تھر میں بہترین سڑکوں کے ساتھ ایئرپورٹ کی سہولت بھی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اسلام کوٹ کے چھوٹے بجلی صارفین کے بجلی کے بل سندھ حکومت نے معاف کیے، جبکہ تھر کے مختلف علاقوں میں سولر سسٹم بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ تھر میں 50 بستروں پر مشتمل اسپتال ایک سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے پہلے کول ڈرائینگ یونٹ پاور پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے۔ انہوں نے تھر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تھر کے لوگوں نے پاکستان کے لیے اپنا قیمتی سرمایہ فراہم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر بدل رہا ہے، پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، ترقی کا سفر جاری ہے اور سندھ حکومت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button