چائنا اوپن: تماشائی کو گیند مارنے پر روسی ٹینس اسٹار سیمی فائنل سے باہر

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)روس کے معروف ٹینس کھلاڑی ڈینیئل مدویدیف کو چائنا اوپن کے سیمی فائنل کے دوران دیوار سے ٹکرا کر واپس آنے والی گیند ہٹ کرنے اور اسے تماشائی کی آنکھ پر مارنے کے باعث ڈس کوالیفائی کر دیا گیا۔

نوواک جوکووچ کے خلاف کھیلے گئے اس اہم میچ میں عالمی نمبر پانچ ڈینیئل مدویدیف 5-7 اور 3-5 کے اسکور سے پیچھے تھے۔

ایک پوائنٹ ہارنے کے بعد انہوں نے دیوار سے واپس آنے والی گیند کو ہٹ کیا جو سیدھا پہلی قطار میں بیٹھے ایک تماشائی کو جا لگی جس کے بعد تماشائی کو درد کی شدت سے اپنی بائیں آنکھ پر ہاتھ رکھ کر اسٹیڈیم کے عملے کی مدد سے گیلری سے باہر جاتے دیکھا گیا۔

واقعے کے بعد ڈینیئل مدویدیف نے تماشائی کو گیند لگنے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سب سے پہلے تو میں اس تماشائی سے انتہائی معذرت خواہ ہوں‘۔ انہوں نے اس واقعے کو ’100 فیصد ایک حادثہ‘ قرار دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اس تماشائی سے ذاتی طور پر مل کر معافی مانگنا چاہتے ہیں۔

اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے نوواک جوکووچ نے کہا کہ ’سچ کہوں تو میں حیران تھا۔۔۔ مجھے امید ہے کہ وہ شخص زیادہ زخمی نہیں ہوا ہوگا‘۔ واضح رہے کہ نوواک جوکووچ کو بھی 2020 کے یو ایس اوپن میں بالکل اسی طرح کے حالات میں ڈس کوالیفائی کر دیا گیا تھا۔

جوکووچ نے مزید کہا کہ ’دوسری جانب مجھے ڈینیئل کے لیے بھی افسوس ہے کیونکہ میں بخوبی جانتا ہوں کہ ایک بڑے میچ میں اس طرح ڈس کوالیفائی ہونے پر کیسا محسوس ہوتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ڈینیئل نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا‘۔

مزید خبریں

Back to top button