مکہ دفاعی اتحاد کا ضروری فوجی قوت اوردفاعی صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری منتقل کرنے کا فیصلہ

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)مکہ دفاعی اتحاد نے ضروری فوجی قوت اور صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری تعیناتی کیلئے فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کے اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ریاض میں ہوا، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کے پہلے سیکرٹری جنرل کی تقرری کردی گئی، لیفٹیننٹ جنرل(ر) نعمان محمود 3 سال کے لیے مکہ دفاعی اتحاد سیکرٹری جنرل مقرر کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوشش اور سعودی شہروں پر حملوں کی مذمت کی گئی۔

اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی سلامتی کے خلاف حملے یا دھمکی کو مسترد کرتے ہیں، سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کو سراہتے ہیں،  مکہ دفاعی اتحاد اجتماعی دفاع کے پختہ عزم اور خطرات کے خلاف متحدہ مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔

اجلاس میں اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملی پیش رفت کا فیصلہ کیا گیا، ضروری فوجی قوت اور صلاحیتیں سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے لیے فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ تینوں ممالک کی سلامتی اجتماعی سلامتی کا لازمی حصہ ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا اجتماعی دفاع کے عزم کی ساکھ ظاہر کرتا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق اجتماعی دفاعی صلاحیت، فوجی انضمام اور خطرات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، تینوں ممالک اپنی سلامتی، خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے متحد اور  پرعزم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button