سلو اوور ریٹ پر بھارت اور ویسٹ انڈیز کو بھاری جرمانہ

چندی گڑھ (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے اور آخری ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل نہ کرنے پر بھارت پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیز پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
وقت کی دی گئی رعایتوں کو مدنظر رکھنے کے بعد بھارتی ٹیم مقررہ رفتار سے چار اوورز جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم دو اوورز پیچھے رہی۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے رکن پرکاش بھٹ نے دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔ دونوں کپتانوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
بھارت نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز پہلے ہی 0-2 سے اپنے نام کرلی تھی، تاہم آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔شائے ہوپ کی ناقابل شکست 162 رنز کی اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے بھارت کی جانب سے دیا گیا 352 رنز کا ہدف حاصل کرلیا، جو ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا کامیاب ہدف ہے۔دونوں ٹیمیں اب 6 اکتوبر سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔



