ملتان میں حکومت مخالف تحریک کا بڑا اعلان، جے یو آئی نے15اکتوبر کی تاریخ دیدی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 15 اکتوبر کو ملتان میں حکومت مخالف جلسے کا اعلان کردیا، جے یو آئی کے مطابق مفتی محمود کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی جبکہ مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔جے یو آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت مخالف تحریک جماعت کا اگلا قدم ہے اور جنوبی پنجاب کے مرکز ملتان میں 15 اکتوبر کو مفتی محمود کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق کانفرنس عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔جے یو آئی نے کہا کہ مفتی محمود کانفرنس میں مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے، جبکہ مولانا فضل الرحمان کانفرنس کے دوران احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کا اعلان کریں گے۔ترجمان کے مطابق کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کے حوالے سے اہم کردار ادا کرے گی۔



