سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈرون حملوں کی تصاویر اور افواہیں شیئر نہ کریں، طاہر اشرفی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ ڈرون حملوں سے متعلق تصاویر، ویڈیوز اور غیر مصدقہ اطلاعات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز کریں۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری سعودی قوانین اور وزارتِ داخلہ کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور قانون کے منافی تبصروں یا افواہوں کو آگے بڑھانے سے بھی اجتناب کریں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ غلط معلومات کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتا ہے، اس لیے کسی بھی خبر یا اطلاع کو تصدیق کے بغیر شیئر نہ کیا جائے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے پاکستانی شہریوں پر زور دیا کہ سعودی عرب میں سکیورٹی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے صرف سعودی حکومت کے سرکاری اور مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر مصدقہ مواد کی تشہیر سے گریز کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔



