متحدہ عرب امارات میں پیک شدہ غذاؤں میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقدار محدود کرنے کے ضوابط نافذ

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)متحدہ عرب امارات نے پیک شدہ غذاؤں میں نمک، چینی اور چکنائی کی مقدار محدود کرنے کے نئے ضوابط نافذ کرنا شروع کردیے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اماراتی وزارت صحت و روک تھام نے بتایا کہ ان نئے ضوابط کا مقصد شہریوں کو غیر صحت بخش خوراک کے مضر اثرات سے بچانا، موٹاپے میں کمی لانا اور دل کی بیماریوں سمیت غیر متعدی امراض کی روک تھام ہے۔

نئے قواعد مقامی طور پر تیار اور درآمد کی جانے والی پیک شدہ غذاؤں پر لاگو ہوں گے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے کاروباری اداروں کو 5 ہزار سے 5 لاکھ درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔

پیداوار، پیکنگ، درآمد، ذخیرہ، تقسیم، نمائش اور فروخت سمیت خوراک کے پورے نظام کو ان ضوابط کا پابند بنایا گیا ہے جبکہ صرف برآمد کے لیے تیار کی جانے والی اشیا مستثنیٰ ہوں گی۔

روٹی کے لیے نمک، چینی اور چکنائی کی مقررہ حد بتدریج کم کی جائے گی۔ خمیری روٹی میں سوڈیم کی حد پہلے مرحلے میں 444 ملی گرام اور حتمی مرحلے میں 370 ملی گرام فی 100 گرام ہوگی جبکہ فلیٹ بریڈ کے لیے یہ حد 384 سے کم ہوکر 320 ملی گرام ہوجائے گی۔

اسی طرح میٹھے دودھ کے مشروبات میں چینی کی مقدار پہلے مرحلے میں 9.6 گرام اور بعد میں 8 گرام فی 100 گرام تک محدود ہوگی۔ ذائقہ دار دہی اور لَبَن میں یہ حد 12 سے کم ہوکر 10 گرام مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق تمام متعلقہ مصنوعات کو 31 دسمبر 2030 تک حتمی حدود پر لانا لازمی ہوگا۔ خلاف ورزی پر جرمانے کے علاوہ ادارہ چھ ماہ تک بند اور لائسنس منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button