جھانوی کپور کی زبان 360 ڈگری تک گھومنے کا انکشاف، سوشل میڈیا پر اداکارہ کا مذاق بن گیا

 ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور اپنی ایک غیر معمولی صلاحیت کے انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، تاہم بعض صارفین نے اس صلاحیت کو ’احمقانہ‘ قرار دیتے ہوئے اداکارہ کو ٹرول بھی کرنا شروع کردیا۔

آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور فلمساز و پروڈیوسر بونی کپور کی بیٹی جھانوی کپور سے ایک میڈیا گفتگو کے دوران ان کی کسی پوشیدہ یا غیر معمولی صلاحیت کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی زبان کو تقریباً 360 ڈگری تک موڑ سکتی ہیں۔

جھانوی کپور نے خود بھی اس صلاحیت کو زیادہ اہمیت نہ دیتے ہوئے اسے ایک ’بےکار پارٹی ٹرک‘ قرار دیا۔ اداکارہ کے مطابق انہیں اپنی اس صلاحیت کا احساس اسکول کے زمانے میں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ اسکول میں ان کے ہم جماعت اپنی زبان سے ناک کو چھونے کی کوشش کیا کرتے تھے، تاہم وہ ایسا کرنے میں کامیاب نہیں ہوتی تھیں۔ دوسرے بچوں کو متاثر کرنے کی خواہش میں انہوں نے سوچا کہ شاید وہ زبان کے ذریعے کوئی اور منفرد حرکت کرسکتی ہیں اور اسی کوشش میں انہوں نے یہ عجیب صلاحیت سیکھ لی۔

جھانوی کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔ بعض صارفین نے اداکارہ کا مذاق اڑایا اور سوال اٹھایا کہ اسے صلاحیت کیوں قرار دیا جارہا ہے۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ اسے یقین نہیں آتا کہ اداکارہ اپنی زبان سے اس قسم کی حرکتوں کو صلاحیت سمجھتی ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے ان کے انکشاف کا موازنہ اداکارہ اننیا پانڈے سے کردیا۔

کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ انہیں جھانوی کپور سے اداکاری یا فن سے متعلق کسی پوشیدہ صلاحیت کے انکشاف کی توقع تھی، نہ کہ اس نوعیت کے ’پارٹی ٹرک‘ کی۔دوسری جانب جھانوی کپور حال ہی میں مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ایک جعلی ویڈیو کے معاملے پر بھی خبروں میں رہی ہیں، جس میں انہیں جونیئر این ٹی آر کے ساتھ 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیورا: پارٹ 1‘ کے گانے ’چٹملے‘ سے متعلق قابل اعتراض انداز میں دکھایا گیا تھا۔اداکارہ نے اس معاملے پر سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے خواتین کو نامناسب انداز میں پیش کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ کسی کی رضامندی کے بغیر فرضی مواد تیار کرکے پھیلانا تکلیف دہ اور قانون کے خلاف ہے۔کام کے محاذ پر جھانوی کپور ہدایت کار راجہ مہتا کی فلم ’لگ جا گلے‘ میں ٹائیگر شروف اور لکشیا کے ساتھ نظر آئیں گی، جس کی ریلیز 2027 میں متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button