ایف بی آر کا ٹیکس قوانین میں بڑی تبدیلی کا عندیہ،ریٹرن فائل کرنے کا نیا طریقہ زیر غور

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید تبدیلیوں کا مسودہ جاری کرتے ہوئے عوام سے تجاویز اور اعتراضات طلب کرلیے ہیں۔ مجوزہ ترامیم میں مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شمولیت کے طریقہ کار سے متعلق تبدیلی بھی زیر غور ہے۔
ایف بی آر کے مطابق مجوزہ ترامیم پر اعتراضات اور تجاویز سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کی اشاعت کے سات روز کے اندر جمع کرائی جاسکیں گی، جس کے بعد موصول ہونے والی آرا کی روشنی میں قواعد سے متعلق پیش رفت کی جاسکتی ہے۔
مجوزہ قواعد میں غیر مقیم جہاز مالکان، چارٹررز اور مجاز شپنگ ایجنٹس کی جانب سے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 143 کے تحت ریٹرن جمع کرانے کے عمل کو الیکٹرانک بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
مسودے کے مطابق متعلقہ ریٹرن ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ نظام آئی رس (IRIS) میں دستیاب مخصوص الیکٹرانک فارم کے ذریعے جمع کرایا جائے گا۔ اس فارم میں بورڈ کی جانب سے وقتاً فوقتاً مقرر کردہ معلومات، اعلانات، بیانات، تصدیقات اور دیگر ضروری تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔
مجوزہ طریقہ کار کے تحت ریٹرن کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات، سرٹیفکیٹس، بیانات اور الیکٹرانک ریکارڈ بھی جمع کرانا ضروری ہوگا۔
یہ ترامیم تاحال مسودے کی صورت میں پیش کی گئی ہیں، جبکہ ایف بی آر نے متعلقہ فریقوں کو مقررہ مدت میں اپنی تجاویز اور اعتراضات پیش کرنے کا موقع دیا ہے۔



