وزیراعظم شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر کی ملاقات،تجارت وکاروباری روابط بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، کاروباری روابط اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ روابط کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔شہباز شریف نے پاکستان اور پولینڈ کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جاسکے۔وزیراعظم نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button