ریاستی اداروں کی مالی حالت کا نیا انکشاف،منافع457ارب سے گھٹ کر423ارب رہ گیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزارت خزانہ نے ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs) کی ششماہی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ریاستی اداروں کے منافع میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق ایس او ایز کا مجموعی منافع 457.20 ارب روپے سے کم ہو کر 423.3 ارب روپے رہ گیا، جبکہ جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران ریاستی اداروں کے نقصانات 342.9 ارب روپے سے معمولی کمی کے بعد 342.8 ارب روپے رہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران ایس او ایز کا خالص منافع 114.3 ارب روپے سے کم ہو کر 80.5 ارب روپے رہ گیا، جو تقریباً 30 فیصد کمی ظاہر کرتا ہے۔وزارت خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسی عرصے کے دوران ریاستی ملکیتی اداروں کی ایکویٹی میں بھی کمی ہوئی۔ ایس او ایز کی ایکویٹی 6,628.7 ارب روپے سے کم ہو کر 6,407.2 ارب روپے رہ گئی، جو تقریباً 3 فیصد کمی ہے۔دستاویز کے مطابق ششماہی مدت میں ایس او ایز کی ذمہ داریوں میں ایک فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ ریاستی اداروں کے اثاثوں میں بھی تقریباً 2 فیصد کمی ہوئی۔جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران ایس او ایز کے مجموعی اثاثے 37,729.7 ارب روپے سے کم ہو کر 37,107 ارب روپے رہ گئے۔وزارت خزانہ کے مطابق ریاستی ملکیتی اداروں کی کارکردگی سے متعلق ششماہی رپورٹ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ اصلاحاتی عمل کے تحت پیش کی گئی ہے۔



