اعلیٰ تعلیم اور تحقیق پر سوالات، 56 پاکستانی جامعات رینکنگ میں شامل مگر ٹاپ400خالی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی عالمی جامعات کی 2027 کی درجہ بندی جاری کردی گئی، جس میں کوئی بھی پاکستانی جامعہ دنیا کی ٹاپ 400 جامعات میں جگہ نہ بنا سکی۔
درجہ بندی کے مطابق پاکستان کی بہترین جامعہ قائداعظم یونیورسٹی 551 سے 600 کے گروپ میں شامل ہے، جبکہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) 601 سے 650 اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 651 سے 700 کے گروپ میں شامل ہیں۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور یونیورسٹی آف لاہور 701 سے 800 کے گروپ میں شامل ہیں۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی فہرست کے مطابق یونیورسٹی آف پنجاب سمیت متعدد پاکستانی جامعات 801 سے 1000 کے گروپ میں شامل ہیں، جبکہ دیگر جامعات 1001 سے 1200، 1201 سے 1400، 1401 سے 1600 اور اس سے بھی نچلے گروپس میں شامل ہیں۔
جامعہ کراچی 1601 سے 1800 کے گروپ میں شامل ہے، جبکہ 1801 سے 2000 کے گروپ میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز (NUMS) 2001 سے آگے کے گروپ میں شامل ہے۔
عالمی درجہ بندی میں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی مسلسل گیارہویں سال دنیا کی بہترین جامعہ قرار پائی۔ امریکا کی ایم آئی ٹی دوسرے، پرنسٹن اور اسٹینفورڈ مشترکہ طور پر تیسرے، کیمبرج پانچویں اور ہارورڈ چھٹے نمبر پر رہے۔
ٹاپ 10 جامعات میں امریکا کی 7 اور برطانیہ کی 3 جامعات شامل ہیں، جبکہ ایشیا میں چین کی سنگھوا یونیورسٹی 11ویں اور پیکنگ یونیورسٹی 13ویں نمبر پر رہی۔
درجہ بندی کے مطابق 56 پاکستانی جامعات کو مختلف گروپس میں جگہ دی گئی ہے، تاہم کسی بھی پاکستانی جامعہ کا ٹاپ 400 میں شامل نہ ہونا اعلیٰ تعلیم، تحقیق، علمی پیداوار اور عالمی مسابقت کے حوالے سے اہم سوالات سامنے لاتا ہے۔



