فلم اسٹار سعود نے نادیہ خان کو’’فسادن‘‘ قرار دیدیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی فلم اسٹار سعود قاسمی نے میزبان و اداکارہ نادیہ خان کو ’فسادن‘ قرار دے دیا۔
اداکار سعود قاسمی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی اس دوران نادیہ خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں مشہور شخصیات کے درمیان جھگڑے شروع کروانے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔
سعود قاسمی نے کہا کہ میرے خیال میں ٹیلی ویژن پر ایک ایسا رجحان چل پڑا ہے جس میں لوگ ایک دوسرے کی بے عزتی کرتے ہیں، انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ ہمارے ہاں ایک خاتون میزبان ایسی ہیں جو انتہائی متنازع سوالات پوچھتی ہیں، جیسے حال ہی میں انہوں نے عامر عدنان کی بیٹی سے ایک نامناسب سوال کیا ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
اداکار نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی کئی جھگڑے شروع کروائے ہیں، ایک بار انہوں نے عتیقہ اوڈھو کے حوالے سے ہمایوں سعید کے بارے میں نازیبا بات کی جس سے ان دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا، یہ سب کچھ دو لوگوں کے درمیان نفرت پیدا کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری اچھی ہے جہاں لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں اور کوئی بھی متنازع معاملہ ہو تو وہ خود بخود تین دن میں ختم ہو جاتا ہے، لہٰذا آگ میں گھی نہ ڈالا جائے۔



