پنجاب میں بارشوں کانیااسپیل،6اور7اکتوبر کے لیے بڑا الرٹ جاری

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا، 6 اور 7 اکتوبر کو بیشتر اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کا امکان ہے۔

لاہور، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور فیصل آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ضروری اقدامات کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ و کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں۔سیف انور جپہ نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے آسمان تلے جانے سے اجتناب کریں۔انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button