صدر،وزیراعظم اور تمام جماعتیں ملکر بانی کو باہر لائیں!راجہ ناصر عباس

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ صدر مملکت، وزیراعظم اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بانی پی ٹی آئی کو باہر لانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان کی خاطر سب کو ان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔
علامہ راجا ناصر عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بلایا جائے، سب مل کر بیٹھیں اور معاملات کو درست کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت کے بعد اگر بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ جیل بھیجنا ہو تو بھی معاملات مذاکرات کے ذریعے طے کیے جائیں۔
انہوں نے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ پہلے بھی واضح کیا ہے کہ پرامن احتجاج کے لیے روٹ طے کر لیا جائے، ہم سڑک کے ایک طرف چلیں گے اور ٹریفک بھی چلتی رہے گی، اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
راجا ناصر عباس نے حکومت سے سوال کیا کہ آپ لوگ اتنے ڈرے اور سہمے ہوئے کیوں ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مخالفین کے ساتھ بیٹھ کر معاملات طے کرنے چاہئیں۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت اپنے مخالفین کو بغیر سوچے سمجھے دہشت گرد قرار دے دیتی ہے، حالانکہ حکومت کا مخالف ریاست کا مخالف نہیں ہوتا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ اس طرح کی باتوں سے گریز کیا جائے اور سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔



