لاہورمیں کروڑوں کی چوری کا ڈرامائی انجام،برقعہ پوش چور ملازم نکلا
ایک کروڑ 15 لاکھ کی واردات، سی سی ٹی وی نے برقعہ پوش چور کا راز کھول دیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)باغبانپورہ کے داروغہ والا چوک میں پان شاپ سے ایک کروڑ 15 لاکھ روپے چوری ہونے کی واردات میں برقعہ پوش ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، پولیس کے مطابق واردات میں دکان کا ملازم ملوث نکلا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پان شاپ سے بھاری رقم چوری ہونے کی 15 پر کال موصول ہوئی، جس پر پولیس نے کارروائی شروع کی۔ دکان مالک نے بتایا کہ نامعلوم چور دکان سے ایک کروڑ 15 لاکھ روپے لے گیا۔پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے پر واردات کا سراغ ملا اور ملزم کی شناخت ہوئی۔ دکان کا ملازم حسنین علی برقع پہن کر دکان میں داخل ہوا اور برقع کی آڑ میں رقم چوری کی۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم حسنین علی کو گرفتار کرلیا، جبکہ اس کے قبضے سے ایک کروڑ 17 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کرلیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مزید ریکوری اور تفتیش کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھریلو اور کاروباری ملازمین کا ڈیٹا قریبی پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز میں ضرور درج کروائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت میں احتیاط بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔



