نیتن یاہو کی ایران پر الیکشن سے قبل حملے کیلئے زور،ٹرمپ نے انکار کردیا،سی این این کا دعویٰ

رپورٹ کے مطابق اسرائیل گزشتہ ہفتے سے امریکا پر زور دے رہا تھا کہ وہ ایران کے خلاف ممکنہ حملوں کی حمایت کرے اور ضرورت پڑنے پر مشترکہ فوجی کارروائی میں بھی حصہ لے۔ تاہم امریکی صدر اور اعلیٰ حکام نے اسرائیل کو انتظار کرنے کا کہا، جبکہ مستقبل قریب میں مشترکہ کارروائی پر اتفاق کے امکان کا اشارہ بھی دیا گیا۔
سی این این کے مطابق امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑے حملوں کے منصوبے تیار کر رکھے ہیں اور صدر کی منظوری ملنے کی صورت میں 96 گھنٹوں کے اندر کارروائی شروع کی جاسکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ اہداف میں ایرانی فوجی تنصیبات، جوہری مراکز اور اہم بنیادی ڈھانچہ شامل ہوسکتے ہیں۔ تاہم یہ فی الحال منصوبہ بندی کی سطح پر ہے اور حملے کا کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ اسرائیل میں انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نیتن یاہو کے لیے سیاسی طور پر فائدہ مند ہوسکتا ہے، کیونکہ وہ مبینہ طور پر اپنی کمزور انتخابی پوزیشن کے باعث حمایت میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ تاہم اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے پہلے ایران پر حملے کے ارادے اور فوجی قیادت میں اختلافات سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ اسرائیلی فوج نے بھی کہا کہ اس کی توجہ انتخابات کے دوران سیکیورٹی ذمہ داریوں پر ہے اور اس سے منسوب دیگر قیاس آرائیاں گمراہ کن ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے بھی سی این این کی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے، جبکہ امریکی حکومت کی جانب سے رپورٹ پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



