پاکستانی نوجوانوں کا امریکا میں بیس بال کے میدان میں بڑا کارنامہ

ویسٹ پام بیچ (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں پیراگوئے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 11-0 سے شکست دے دی اور انڈر 18 کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

ٹورنامنٹ ورلڈ کمز ٹو دی پام بیچز، پاورڈ بائی پراسپیکٹ وائر 21 سے 25 اکتوبر تک ویسٹ پام بیچ کے کیکٹی پارک میں منعقد ہوا۔ یہ میدان ہیوسٹن آسٹروز اور واشنگٹن نیشنلز کی اسپرنگ ٹریننگ کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

یہ ایونٹ 2017 میں شروع کیا گیا تھا، جس میں چھ براعظموں کے 30 سے زائد ممالک کے کھلاڑی اب تک شرکت کرچکے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں انڈر 12، انڈر 15، انڈر 18 اور 18 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں کے لیے اوپن کیٹیگری کے مقابلے شامل ہیں۔

پاکستان کی انڈر 18 ٹیم کو پاکستان بیس بال ایسوسی ایشن نارتھ امریکا نے منظم کیا۔ ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا پر ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کامیابی کو اپنے پروگرام کی ترقی کا ثبوت قرار دیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس پروگرام کا مقصد باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button