خوشی کیلئے سب کچھ ہونے کے باوجود انسان بے سکون رہ سکتا ہے،توثیق حیدر

حالیہ گفتگو میں توثیق حیدر نے کہا کہ کسی شخص کے پاس محبت کرنے والا خاندان، بچے، اچھی صحت، مالی استحکام اور آرام دہ گھر موجود ہو سکتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ ذہنی سکون اور حقیقی خوشی سے محروم رہ سکتا ہے۔ ان کے مطابق خوشی کا تعلق صرف مادی آسائشوں سے نہیں بلکہ انسان کی اندرونی کیفیت سے بھی ہوتا ہے۔
اپنے حلقہ احباب کی مثالیں دیتے ہوئے اداکار نے ایسے دوستوں اور رشتہ داروں کا ذکر کیا جن کی اولاد نہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی زندگی پر شکر گزار اور مطمئن ہیں۔ انہوں نے ان افراد کے احساسِ تشکر اور قناعت کو سراہتے ہوئے اسے اللہ تعالیٰ کے ساتھ ان کے بامعنی تعلق کی عکاسی قرار دیا۔
توثیق حیدر نے اس سماجی رویے کی جانب بھی توجہ دلائی جس میں کسی شخص کی زندگی کو شادی، والدین بننے اور خاندانی حیثیت جیسے مراحل سے پرکھا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی شدہ یا غیر شادی شدہ ہونا، اولاد کا ہونا، طلاق سے گزرنا یا کم عمری میں شریکِ حیات سے محروم ہو جانا کسی انسان کی خوشی کا حتمی پیمانہ نہیں۔



