فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) تھرپارکر کی نئی باڈی کا اعلان،دسرت شرما صدر منتخب

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) تھرپارکر کی نئی باڈی کا اعلان کر دیا گیا۔ مرکزی صدر ڈاکٹر سعیدہ کمال اور نائب صدر ناصر شیخ کی ہدایت پر بدین ضلع کے صدر مرتضیٰ میمن مٹھی پہنچے، جہاں انہوں نے سینئر صحافیوں سے ملاقاتیں کیں اور صحافیوں کی نئی تنظیم تشکیل دی۔ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر نئی باڈی کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق دسرت شرما صدر، پرکاش ولاسائی نائب صدر، ساجن داس ڈيپلائی جنرل سیکریٹری، رئیس نواز علی کھوسو خزانچی اور میندھرو کاجھروی پریس ترجمان منتخب ہوئے۔ اس موقع پر سینئر صحافی اور بدین ضلع کے صدر مرتضیٰ میمن نے کہا کہ ورکر جرنلسٹس ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مظلوم اور بے سہارا لوگوں کی آواز اعلیٰ حکام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اجلاس میں شریک صحافیوں نے نئی باڈی کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تنظیم صحافیوں کی فلاح و بہبود اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔



