لاڑکانہ:آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت اجلاس، کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو لاڑکانہ پہنچے جہاں آئی جی سندھ کی زیرِ صدارت لاڑکانہ میں کچے کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور پولیس اقدامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا، ڈی آئی جی آفس لاڑکانہ میں منعقدہ اجلاس میں ڈی آئی جیز لاڑکانہ و سکھر، ایس ایس پیز گھوٹکی، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، کندھ کوٹ، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور سمیت ایس پی اسپیشل برانچ لاڑکانہ نے بالمشافہ جبکہ ڈی آئی جیز ہیڈکواٹرز، فائنانس، اے آئی جیز فائنانس اور ایڈمن بذریعیہ وڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب خان اور ڈی آئی جی لاڑکانہ شیراز نذیر کی جانب سے متعلقہ اضلاع، بالخصوص کچے کے علاقوں میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کارروائیوں اور امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،

اجلاس میں کچے کے علاقوں میں قائم پولیس چوکیوں، پولیس انفرااسٹرکچر، گاڑیوں، افرادی قوت اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پولیس کی آپریشنل استعداد مزید بہتر بنانے کے لیے درکار وسائل اور ضروریات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ضلع گھوٹکی کے علاقے رونتی میں تین روزہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو رونتی امن اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب اور پُرامن انعقاد پر سندھ حکومت، وفاقی سول و حساس اداروں، ضلعی انتظامیہ، سندھ پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ میں ڈی آئی جی سکھر، ایس ایس پی گھوٹکی اور پوری پولیس ٹیم کو اسپورٹس فیسٹیول کے پُرامن، منظم اور شاندار انعقاد پر شاباش دیتا ہوں۔ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مشترکہ حکمتِ عملی کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے بھرپور تعاون اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک سے کچے کے علاقوں میں امن کی بحالی کے لیے نمایاں پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔ کچے کے علاقوں میں امن کی بحالی ہمارے شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی جرأت و بہادری اور پولیس جوانوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ قومی شاہراہیں اب پہلے سے زیادہ محفوظ اور پُرامن ہیں، جس کا اعتراف ملک بھر کی تاجر برادری نے بھی کیا ہے، سندھ حکومت اور سندھ پولیس نے کچے کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کچے کے علاقوں میں قائم ہونے والے امن کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور کسی کو بھی امن و امان کی فضا خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کچے کے علاقوں میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پولیس انفرااسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے، ضروری وسائل کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جائے۔ کھیلوں سمیت مثبت سماجی سرگرمیاں امن، بھائی چارے، باہمی ہم آہنگی اور صحت مند معاشرے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button