جاوید اختر نے رشمیکا مندانا کو تامل اداکارہ کہنے پر معافی مانگ لی

رشمیکا مندانا کے جنوبی بھارتی لہجے میں ہندی بولنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جارہی تھی۔ جاوید اختر نے ان کی حمایت کرتے ہوئے ناقدین پر لسانی برتری کے احساس کا الزام لگایا، تاہم اپنی پوسٹ میں رشمیکا کو تامل اداکارہ قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے نشاندہی کی کہ رشمیکا مندانا کا تعلق بھارتی ریاست کرناٹک سے ہے اور وہ تیلگو، کنڑ اور ہندی سمیت مختلف زبانوں کی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔
صارفین کی تصحیح کے بعد جاوید اختر نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق وہ رشمیکا کو ذاتی طور پر نہیں جانتے اور اتفاق سے انہوں نے اداکارہ کی جو واحد فلم دیکھی تھی، وہ تامل زبان میں تھی۔
جاوید اختر نے مزید کہا کہ اصل مسئلہ کسی کے تامل، تیلگو، کنڑ یا ملیالم بولنے کا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اگر کوئی شخص دوسری زبان سیکھنے اور بولنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔



