سعودی عرب پر ڈرون اور میزائل حملے ناکام، دفاعی نظام متحرک

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان کے مطابق ریاض اور سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب آنے والے 3 ڈرونز کو تباہ کردیا گیا۔ اس سے قبل ریاض پر داغا گیا بیلسٹک میزائل بھی سعودی دفاعی نظام نے فضا میں ہی مار گرایا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ریاض پر میزائل حملے کے بعد سعودی افواج نے یمن میں حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے میزائل ذخائر اور لانچنگ تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق کارروائی کے دوران بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی 5 سرنگیں اور میزائل داغنے کے 4 پلیٹ فارمز تباہ کردیے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ حوثیوں کی دفاعی تنصیبات، جنگجوؤں کے اجتماعات اور فوجی سازوسامان کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب یمن کے علاقے الحدیدہ میں حوثیوں کے حملے کے نتیجے میں ایک رہائشی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ نو اپارٹمنٹس پر مشتمل عمارت کے بعض حصے ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ اطلاعات کے مطابق عمارت میں 25 افراد رہائش پذیر تھے، جبکہ حملے سے ملحقہ عمارت اور سات سے زائد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔



