بدین میں منشیات کیخلاف آپریشن،2 خواتین سمیت 24 ملزمان گرفتار،ایک ہزار لیٹر شراب اور منشیات برآمد

ماتلی (رپورٹ اے۔ایم۔گدی) ماتلی کے قریبی شہر ٹنڈو غلام علی سمیت ضلع بدین کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منشیات اور ممنوعہ اشیاء کے خلاف کارروائیوں میں دو خواتین سمیت 24 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر ایک ہزار لیٹر دیسی شراب، دو کلوگرام سے زائد چرس، 47 گرام آئس، 8500 گٹکا پوریاں اور ایک شہری سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ٹنڈو غلام علی میں چرس فروشی کے الزام میں شمیم عرف نسیم قریشی اور انعم آرائیں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 1580 گرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ آئس فروشی کے الزام میں اندھو عرف عمر شیخ اور راشد عرف رشو تھہیم کو گرفتار کرکے مجموعی طور پر 26 گرام آئس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسی شہر میں گٹکا فروشی کے الزام میں راجو کولھی کو گرفتار کرکے 400 گٹکا پوریاں برآمد کی گئیں۔ ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی کارروائیوں کے دوران گٹکا فروشی کے الزام میں متعدد افراد کی گرفتاریوں اور بڑی مقدار میں گٹکا برآمد کرنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر دیسی شراب کی بھٹیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شراب برآمد کی گئی اور متعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بعض کارروائیوں کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب بھی ہوگئے۔ ٹنڈو باگو میں شہری میر قذافی سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ مجموعی کارروائیوں میں برآمد ہونے والی منشیات اور ممنوعہ اشیاء کی مقدار کے حوالے سے پولیس کی جاری کردہ تفصیلات میں اعداد و شمار بیان کیے گئے ہیں، جبکہ ٹنڈو غلام علی میں ہونے والی کارروائیاں علاقے میں منشیات اور گٹکے کی فروخت کے خلاف اقدامات کی نشاندہی کرتی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button