حکومت جیت رہی ہے یا اپوزیشن؟بدقسمتی سے کوئی نہیں،ناانصافی اور انتشار بڑھ رہے ہیں،خواجہ سعد رفیق

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت اور اپوزیشن کی کشمکش کے دوران ناانصافی، غربت، لاقانونیت اور انتشار میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ قومی مسائل کے حل کے لیے ذمہ دار فریق آپس میں الجھے ہوئے ہیں۔

اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے سوال اٹھایا کہ قوم کو ان حالات سے نجات کون، کب اور کیسے دلائے گا؟ انہوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق نہ سیکھنے پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے۔

سعد رفیق نے اہلِ دانش اور اہلِ درد پر زور دیا کہ وہ آئین کی بالادستی اور قومی پرچم کی حرمت کے لیے متحد ہوں۔ ان کے مطابق آئین و قانون اور میرٹ کی حکمرانی ہی ملک کو منزل تک پہنچا سکتی ہے۔انہوں نے تنازعات کے حل کے لیے مکالمے، انصاف اور شفاف حکمرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button