مذاکرات ختم ہونے کے بعد بڑا یوٹرن؟ پی ٹی آئی نے بات چیت کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ختم ہونے کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے دوبارہ بات چیت کا دروازہ کھلا رکھنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات، ان کی صحت سے متعلق معاملات اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لائحہ عمل سمیت اصولی مؤقف پر بات ہو تو مذاکرات دوبارہ شروع ہوسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ حکومت چاہے تو علامہ راجا ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی سے رابطہ کرسکتی ہے، رابطے کے کئی ذرائع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات دوبارہ کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں، اگر نیت ہو تو بات چیت کے لیے بہت سے طریقے موجود ہیں۔ ان کے مطابق لانگ مارچ کے دوران بھی مذاکرات کا راستہ کھلا رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حالیہ مذاکرات بنیادی معاملات پر اتفاق نہ ہونے کے باعث ڈیڈ لاک کا شکار ہوگئے تھے۔ اپوزیشن کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو اہم شرط قرار دیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button