لانگ مارچ اسلام آباد نہیں پہنچنے دیں گے،طارق فضل چودھری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات سے قوم کو اچھی امیدیں وابستہ تھیں کہ کوئی راستہ نکلے گا، تاہم اپوزیشن کے پاس انتشار اور گرما گرمی کے خاتمے کا ایک اچھا موقع تھا جو ضائع ہوگیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کی دو بنیادی وجوہات ہیں، اپوزیشن کا وفد مکمل طور پر بے اختیار تھا جبکہ تمام اختیار خیبرپختونخوا حکومت کے پاس تھا۔ ان کے مطابق مذاکرات کرنے والے خود کہہ رہے تھے کہ بعض مطالبات پورے کرنا ان کے اختیار میں نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کی دوسری بڑی وجہ فریقین کی ترجیحات میں فرق تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو کسی صورت اسلام آباد میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور مارچ اٹک سے آگے آتا ہوا نظر نہیں آئے گا۔
طارق فضل چودھری نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تو دور کی بات، اپوزیشن دہشت گردی کی مذمت بھی نہیں کرتی، جبکہ ان کے نزدیک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سب سے بڑی ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کے آپشن پر بھی غور کر رہی ہے۔ دوسری جانب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ شروع کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔



