بدین میں عالمی یومِ اساتذہ پر تقریبات، بہترین کارکردگی دکھانے والے اساتذہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ پی کے) محکمہ تعلیم اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ (این سی ایچ ڈی) کے اشتراک سے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر بدین کے مختلف سرکاری اسکولوں میں تقریبات اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔
اس حوالے سے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول پیر عالی شاہ کوٹ، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول پیر عالی شاہ کوٹ اور گورنمنٹ گرلز مین مڈل اسکول شہباز روڈ میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں ہیڈ ٹیچرز، اساتذہ، طلبہ و طالبات، این سی ایچ ڈی کے افسران اور رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریبات میں اسکولوں کی ہیڈ ٹیچرز میڈم عابدہ جمالی اور میڈم کلثوم چانڈیو، این سی ایچ ڈی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعیدہ پروین ملاح، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشفاق احمد میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر یاسمین مشرف، فیلڈ آفیسرز اظہر بھٹی اور حسن سومرو سمیت دیگر خواتین افسران اور رضاکاروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے مستقبل کے معمار ہیں، جو طلبہ کو تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اخلاق، شعور اور ذمہ داری کا درس بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی عزت اور ان کی خدمات کا اعتراف پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
پروگرام کے دوران طلبہ و طالبات نے اپنے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ مختلف اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور ان کی تعلیمی و تدریسی خدمات کو سراہا گیا۔



