نمک کی کان کے ہیوی ٹریلروں نے تھرپارکر کے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) نمک کی کان کی جانب آنے جانے والے ہیوی ٹریلروں کے باعث علاقہ مکینوں کے لیے مختلف مسائل پیدا ہونے لگے ہیں، جبکہ لنک اور سنگل روڈز پر ٹریلروں کی آمدورفت کے باعث مختلف مقامات پر گاڑیوں کے پھنسنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے واقعات معمول بن گئے ہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق مسافر گاڑیاں گھنٹوں سڑکوں پر پھنسی رہنے کے باعث طلبہ کو اسکول اور کالج پہنچنے میں تاخیر ہوتی ہے، جبکہ مریضوں کو اسپتال منتقل کرنے میں بھی تاخیر کے باعث ان کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ تاجروں اور کاروباری افراد کو بھی بروقت اپنی منزل پر نہ پہنچنے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں، طلبہ اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھکئو روڈ پر ہیوی ٹریلروں کی آمدورفت بند کرائی جائے اور نمک سے لدے ٹریلروں کو بڑے اور کشادہ راستوں سے گزارا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ لنک اور سنگل روڈز پر ٹریلروں کی مسلسل آمدورفت کے باعث ٹاہو والا لک بھی حادثات کے خطرے کا باعث بن گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے ہیوی ٹریلروں کی آمدورفت کے لیے مقررہ قوانین اور ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور مقامی لوگوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔



