گلاسٹن بری 2027 کے تمام ٹکٹس صرف 45 منٹ میں فروخت

لندن(جانوڈاٹ  پی کے)برطانیہ کے معروف میوزک فیسٹیول گلاسٹن بری 2027 کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے، فیسٹیول کی تمام ٹکٹیں صرف 45 منٹ میں بک ہوگئیں۔

فیسٹیول کے منتظمین نے سوشل میڈیا پر ٹکٹس کی مکمل فروخت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جون 2027 میں ہونے والے میوزک فیسٹیول کے لیے ایک ٹکٹ کی قیمت 408 پاؤنڈ مقرر کی گئی تھی، جو تقریباً 539 امریکی ڈالر کے برابر ہے۔

جنوب مغربی انگلینڈ کے ورتھی فارم میں منعقد ہونے والا گلاسٹن بری فیسٹیول 1970 میں شروع ہوا تھا اور وقت کے ساتھ یہ دنیا کے بڑے اور معروف میوزک فیسٹیولز میں شمار ہونے لگا۔

2027 کے فیسٹیول میں شرکت کرنے والے فنکاروں کے نام تاحال جاری نہیں کیے گئے، تاہم منتظمین نے واضح کیا ہے کہ دوبارہ متحد ہونے والا معروف برطانوی بینڈ اوئسز اگلے سال گلاسٹن بری کے اسٹیج پر پرفارم نہیں کرے گا۔

فیسٹیول کے ٹکٹس کی غیر معمولی تیزی سے فروخت نے اس کی مقبولیت اور موسیقی کے شائقین میں اس کی بھرپور دلچسپی کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button