لکی مروت میں بڑا حادثہ ٹل گیا،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا ہیلی کاپٹر بال بال بچ گیا

لکی مروت(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد لانگ مارچ کے آغاز کے موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا سرکاری ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران ممکنہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی لانگ مارچ کے آغاز کے لیے سرکاری ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکی مروت پہنچے۔ ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے دوران ایک کارکن کا پی ٹی آئی کا پارٹی پرچم ہیلی کاپٹر کے پروں سے ٹکرا گیا۔ہیلی کاپٹر کے لینڈ کرتے ہی کارکن بڑی تعداد میں اس کی جانب بڑھ گئے۔ اسی دوران ایک کارکن کا پارٹی پرچم ہیلی کاپٹر کے پروں میں پھنس گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعے کے بعد کارکنوں کو ہیلی کاپٹر سے دور کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بحفاظت ہیلی کاپٹر سے باہر آگئے۔



