پاکستان اور ترکیہ کا ماحولیاتی تحفظ، سموگ کنٹرول اور جدید ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

 لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)پاکستان اور ترکیہ نے ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی پر قابو پانے، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور جدید ماحولیاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترک قونصل جنرل مہمت ایمن شمشیک نے سیکرٹری ماحولیات صلوت سعید اور ڈی جی ماحولیات عبداللہ نیئر شیخ سے ملاقات کی، جس میں ماحولیاتی ٹیکنالوجی، ماہرین کے تبادلے اور دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترکیہ کے قونصل جنرل نے پنجاب کی ماحول دوست پالیسیوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔ اس موقع پر سیکرٹری ماحولیات نے بتایا کہ پنجاب کلائمیٹ واچ ہب ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہا ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایئر کوالٹی کی پیشگوئی بھی کی جا رہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئربوٹ شہریوں کو آلودگی کے دوران ہوا کے معیار اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرتا ہے، جبکہ گرین اسکول سرٹیفکیشن پروگرام پنجاب کے 41 اضلاع کے 26 ہزار سے زائد اسکولوں تک پہنچ چکا ہے، جس سے تقریباً 76 لاکھ طلبہ اور اساتذہ مستفید ہو رہے ہیں۔

حکام کے مطابق پنجاب میں انسدادِ سموگ آپریشن کے دوران تھرمل ڈرونز اور جدید مانیٹرنگ ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جبکہ 9 داخلی و خارجی راستوں پر ریموٹ سینسنگ کے ذریعے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی بھی کی جا رہی ہے۔

ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی، فضائی آلودگی اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں جانب سے ترکیہ کے ماحولیاتی اداروں، جامعات اور ماہرین کے ساتھ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے براہِ راست رابطوں اور تکنیکی تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button