وزن کم کرنے کے لیے روزانہ کتنے قدم چلنا ضروری ہیں؟ تحقیق میں اہم انکشاف

لاہور(رپورٹ:جانوڈاٹ پی کے)جسمانی وزن میں کمی لانا آسان نہیں، تاہم باقاعدہ ورزش، چہل قدمی اور متوازن غذائی عادات کے ذریعے وزن کم کرنے کے ساتھ اسے برقرار رکھنا بھی ممکن ہے۔ ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ مخصوص تعداد میں قدم چلنے سے جسمانی وزن کم کرنے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔
انٹرنیشنل جرنل آف انوائرمنٹل ریسرچ اینڈ پبلک ہیلتھ میں شائع ہونے والی تحقیق میں کئی دہائیوں کے تحقیقی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ روزانہ کتنے قدم چلنے سے وزن میں کمی اور میٹابولک صحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
تحقیق کے لیے 18 کنٹرول کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 3 ہزار 758 افراد شامل تھے۔ ان افراد کے روزانہ قدموں اور جسمانی وزن میں ہونے والی تبدیلیوں کو 8 ماہ تک مانیٹر کیا گیا، جبکہ وزن میں کمی برقرار رہنے کا جائزہ مزید 10 ماہ تک لیا گیا۔
تحقیق کے آغاز میں شرکا روزانہ اوسطاً 7 ہزار 280 قدم چلتے تھے، جو تحقیق کے اختتام تک بڑھ کر 8 ہزار 454 قدم ہوگئے۔
نتائج کے مطابق 8 ماہ کے دوران شرکا کے جسمانی وزن میں اوسطاً 4.4 فیصد کمی ہوئی، جبکہ اس کے بعد مزید 10 ماہ تک تقریباً 3.3 فیصد وزن میں کمی برقرار رہی۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ روزانہ اضافی ایک ہزار قدم چلنے سے جسمانی وزن میں مزید تقریباً 1.1 سے 1.3 فیصد کمی آسکتی ہے۔
محققین کے مطابق نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ روزانہ تقریباً 8 ہزار 500 قدم چلنا جسمانی وزن میں کمی لانے اور اسے طویل عرصے تک برقرار رکھنے کے لیے مؤثر ہدف ہوسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ باقاعدہ چہل قدمی نہ صرف وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ وقت کے ساتھ دوبارہ وزن بڑھنے کے امکانات کو بھی کم کرسکتی ہے۔ اس لیے پیدل چلنے کو روزمرہ ورزش اور صحت مند طرز زندگی کا حصہ بنانا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
اگر کسی فرد کے لیے قدموں کی تعداد گننا مشکل ہو تو تحقیق کے مطابق روزانہ تقریباً 70 سے 90 منٹ تک معتدل رفتار سے چہل قدمی بھی ایک عملی متبادل ہوسکتی ہے۔
روزمرہ معمولات میں معمولی تبدیلیاں کرکے بھی چہل قدمی کے ہدف تک پہنچا جاسکتا ہے، مثلاً دفتر یا قریبی مقام تک پیدل جانا، خریداری کے لیے پیدل چلنا یا روزمرہ کے کاموں کے دوران زیادہ سے زیادہ چلنے کو ترجیح دینا۔
محققین کے مطابق ہر چند دن بعد چہل قدمی میں چند منٹ یا تقریباً 250 قدم کا اضافہ بتدریج وزن کم کرنے کے ہدف کے حصول میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔



