بلوچستان میں سرکاری نظام کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے کا فیصلہ، 28 محکموں میں ای فائلنگ نافذ، ایک لاکھ 83 ہزار فائلیں نمٹا دی گئیں

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری امور کو جدید ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے اور غیر ضروری تاخیر ختم کرکے بروقت فیصلوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سروس ڈیلیوری میں بہتری سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری محکموں میں ڈیجیٹل اصلاحات اور حکومتی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 28 سرکاری محکموں میں ای فائلنگ کا نظام نافذ کیا جاچکا ہے، جبکہ سمریز کو ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 10 سرکاری محکموں کی سمریز کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق سرکاری محکموں میں اب تک ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد ای فائلز نمٹائی جاچکی ہیں۔ سمریز کی ڈیجیٹلائزیشن سے سرکاری معاملات کی انجام دہی میں تیزی آنے، فیصلہ سازی بہتر ہونے اور حکومتی کارکردگی میں اضافے کی توقع ہے، جس سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کا معیار بھی بہتر بنایا جاسکے گا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرکاری امور میں ڈیجیٹل نظام کے استعمال سے شفافیت، رفتار اور جوابدہی کو فروغ ملے گا۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں مؤثر معاونت یقینی بنائی جائے اور سرکاری معاملات کو جدید نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں تاکہ غیر ضروری تاخیر کا خاتمہ اور فیصلہ سازی کے عمل کو مؤثر بنایا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button