پاکستان اور ایتھوپیا میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق، تجارت،سرمایہ کاری اور بینکاری روابط مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ایتھوپیا کے ترقیاتی تجربات میں مماثلت اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی اہمیت پر گفتگو ہوئی۔ وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ایتھوپیا کے سفیر کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات اور اقتصادی ترقی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بینکاری روابط مضبوط بنانے اور تجارتی و مالیاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر علاقائی تنازعات کے توانائی کی فراہمی، کھاد کی دستیابی اور غذائی تحفظ پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے بیرونی معاشی دھچکوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور باہمی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان فضائی رابطوں اور عوامی روابط کے فروغ پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی و مالیاتی روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button