قومی ریسلر سے 50 لاکھ روپے کے مبینہ فراڈ کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد علی وڑائچ نے اطہر زاہد کی اندراجِ مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کی جانب سے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اطہر زاہد نے پیر عاصم علی شاہ کو سرمایہ کاری کے لیے 50 لاکھ روپے دیے تھے۔ ملزم کچھ عرصے تک منافع کی رقم ادا کرتا رہا، تاہم اصل رقم واپس مانگنے پر مبینہ طور پر این سی سی آئی اے کی ملی بھگت سے اطہر زاہد کو گرفتار کرایا گیا۔
سماعت کے دوران شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ قومی ریسلر اطہر زاہد نے انٹرنیشنل میگا ریسلنگ چیمپئن شپ میں دو مرتبہ بھارت کو شکست دی۔ وکیل کے مطابق ملزم نے عدالت میں ایک لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن کی جعلی رسید جمع کرائی۔
عدالت نے رسید سے متعلق مؤقف پر ملزم کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تھانہ شالیمار کے ایس ایچ او کو طلب کرلیا۔ کیس کی مزید سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔



