ایل کلاسیکو میں ریال میڈرڈ کی دھماکے دار فتح، ایمباپے کے دو گول، بارسلونا کی ناقابلِ شکست مہم ختم

میڈرڈ (جانو ڈاٹ پی کے)اسپینش فٹبال لیگ لالیگا کے بڑے مقابلے ایل کلاسیکو میں ریال میڈرڈ نے بارسلونا کو 1-2 سے شکست دے کر نہ صرف حریف ٹیم کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ روک دیا بلکہ ٹائٹل کی دوڑ کو بھی مزید دلچسپ بنا دیا۔

کیمپ نو میں کھیلے گئے مقابلے کے پہلے ہاف میں فرانسیسی اسٹار کائیلیان ایمباپے نے 41ویں منٹ میں گیند جال میں پہنچا کر ریال میڈرڈ کو برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں بارسلونا نے بھرپور کم بیک کیا اور پیڈری کے پاس پر رافینیا نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔ تاہم میچ کے 87ویں منٹ میں ایمباپے نے اپنا دوسرا گول اسکور کرکے ریال میڈرڈ کی فتح یقینی بنا دی۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ایمباپے نے ریال میڈرڈ کی جانب سے اپنے 116ویں میچ میں 100 گول مکمل کرلیے اور کلب کی تاریخ میں یہ سنگِ میل عبور کرنے والے 24ویں کھلاڑی بن گئے۔

اس شکست کے نتیجے میں بارسلونا کی رواں لالیگا سیزن میں مسلسل فتوحات کا سلسلہ بھی رک گیا، جبکہ ریال میڈرڈ نے تین سال بعد بارسلونا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دی۔ لالیگا پوائنٹس ٹیبل پر بارسلونا بدستور سرفہرست ہے، تاہم ریال میڈرڈ کی کامیابی کے بعد ٹائٹل کی جنگ مزید سنسنی خیز ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button