کشمیریوں کی حمایت آخری پاکستانی کے زندہ رہنے تک جاری رہے گی، امیر مقام کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ایک ایک کشمیری اور پاکستانی کے زندہ رہنے تک کشمیریوں کی حمایت کا عزم برقرار رہے گا اور پاکستان ہر محاذ پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شبیر احمد شاہ، یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنما بھارتی جیلوں میں قید ہیں، تاہم بھارتی قوانین اور سزائیں کشمیریوں کے جذبے کو ختم نہیں کرسکتیں۔
اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر ایک متنازع علاقہ تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق 57 مسلم ممالک نے اقوام متحدہ سے کشمیر سے متعلق قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے، لہٰذا عالمی ادارہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
غلام محمد صفی نے بھارت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 27 اکتوبر کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا۔
یومِ سیاہ کے سلسلے میں کراچی، لاہور، پشاور، اسلام آباد، مظفرآباد اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں تقریبات اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن کا مقصد مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔



