یارک ٹول پلازہ پر راستے بند، گنڈاپور نے کارکنوں کو خطرے میں ڈالنے سے انکار کردیا

ڈیرہ اسماعیل خان(جانوڈاٹ پی کے)سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا قافلہ یارک ٹول پلازہ پر پولیس کی جانب سے راستہ بند کیے جانے کے بعد واپس روانہ ہوگیا۔
کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ علاقے میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے، جبکہ پارٹی قیادت نے توڑ پھوڑ سے گریز کرتے ہوئے تحریک کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا، راستے بند ہیں اور موجودہ صورتحال میں آگے بڑھنا ممکن نہیں، اسی لیے واپسی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹک ٹاک والی باتیں نہ کریں‘‘ بلکہ عملی صورتحال کو دیکھ کر فیصلے کیے جائیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں لکی مروت سے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ مارچ میں اراکین پارلیمنٹ اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔
لانگ مارچ کے پہلے مرحلے میں لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان اور بنوں سے کارکن قافلے میں شامل ہوئے ہیں۔ مارچ کے شرکاء آج رات کرک کے قریب قیام کریں گے۔



