آبنائےہرمزمیں خطرات بڑھ گئے،عالمی منڈی میں تیل مزیدمہنگا

عالمی منڈی (جانو ڈاٹ پی کے)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور قیمتیں مسلسل چوتھے ماہ اضافے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ آبنائے ہرمز میں متعدد آئل ٹینکرز کے مبینہ طور پر بارودی سرنگوں سے ٹکرانے کی اطلاعات نے عالمی توانائی منڈی میں تشویش بڑھا دی ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعے کو تیل کی قیمتوں میں تازہ اضافہ خطے میں جاری کشیدگی اور بحری آمدورفت کو لاحق خطرات کے باعث ہوا۔ آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعات نے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کو دوبارہ نمایاں کردیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کے دسمبر کے سودوں کی قیمت میں 1.20 ڈالر یعنی 1.04 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 116.08 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت بھی 1.37 ڈالر یعنی 1.34 فیصد اضافے کے بعد 103.37 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔

ماہانہ بنیاد پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 11 فیصد اضافے کا امکان ہے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی اس ماہ تقریباً 14 فیصد مہنگا ہونے کی جانب گامزن ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ایران کے ساتھ امریکی اور اسرائیلی تنازع آٹھویں ماہ میں داخل ہو رہا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں سکیورٹی صورتحال عالمی توانائی منڈی کے لیے اہم تشویش بن گئی ہے۔

آبنائے ہرمز دنیا میں تیل کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شامل ہے۔ یہاں سکیورٹی کشیدگی یا بحری آمدورفت میں کسی بھی رکاوٹ سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر اور قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button