ایتھوپیا میں بے گھر افراد کا کیمپ ڈرون حملوں کی زد میں آگیا،16شہری ہلاک،22زخمی

مقامی ذرائع کے مطابق حملہ جنوبی وولو کے علاقے میں واقع المعروف ترک کیمپ پر 29 اکتوبر کو دوپہر کے وقت کیا گیا، جہاں جنگ سے متاثرہ بے گھر افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کیمپ کو وقفے وقفے سے متعدد مرتبہ ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ بعض مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً 15 منٹ کے وقفے سے کم از کم پانچ حملے کیے گئے۔حملوں کے نتیجے میں پلاسٹک سے بنے کئی عارضی خیموں میں آگ بھڑک اٹھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ڈیسّی شہر بھیجا گیا۔رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین حاملہ خواتین، ایک آٹھ سالہ بچی اور اسکول کے طلبہ بھی شامل ہیں۔ ایک ذریعے کے مطابق کم از کم 15 افراد کو ایک ہی اجتماعی قبر میں دفن کرنا پڑا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت کیمپ میں 1,800 سے زائد بے گھر افراد موجود تھے، جس کے باعث شہری ہلاکتوں کی تعداد اور انسانی بحران پر تشویش بڑھ گئی ہے۔تاحال کسی فریق نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔



