ڈہرکی میں خصوصی بچوں کی کامیابی کا جشن، 26 طلبہ کو گریجویشن سرٹیفکیٹس دے دیے گئے

گھوٹکی(رپورٹ: وجے کمار چاولہ)ماڑی انرجیز لمیٹڈ کے تعاون سے قائم نورِ سحر اسپیشل ایجوکیشن اسکول ڈہرکی میں ’’بحالی سے مرکزی دھارے تک‘‘ کے عنوان سے پروقار گریجویشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں 26 خصوصی طلبہ کو خصوصی تعلیم سے عام اسکولوں میں کامیابی کے ساتھ منتقل ہونے پر سرٹیفکیٹس دیے گئے۔تقریب کے دوران طلبہ نے تلاوتِ کلام پاک، پیانو پر قومی ترانہ، نظمیں اور ٹیبلو پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ طلبہ کے تعلیمی اور ترقیاتی سفر پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔اس موقع پر ماڑی انرجیز لمیٹڈ کی انتظامیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے یکساں تعلیمی مواقع، بہتر سہولیات اور حوصلہ افزائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ انتظامیہ نے خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔تقریب سے خطاب میں والدین کے تعاون، اساتذہ کی محنت اور ماڑی انرجیز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ 26 طلبہ کی عام اسکولوں میں منتقلی ان کی خود اعتمادی، تعلیمی ترقی اور روشن مستقبل کی جانب ایک اہم کامیابی ہے۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہر بچے میں کوئی نہ کوئی صلاحیت موجود ہوتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے آگے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع اور مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button