مولانا فضل الرحمان کے بعض الفاظ سے گریز بہتر ہوتا،حکومت کے بیانات بھی ناقابل قبول ہیں،بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی تقریر میں بعض الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرتے تو بہتر ہوتا، تاہم حکومت کی جانب سے جے یو آئی سربراہ کے خلاف دیے گئے بیانات بھی ناقابل قبول ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں انہیں کشیدگی نہ بڑھانے کا مشورہ دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کی مساوی نمائندگی ہونی چاہیے، اگر حکومت واقعی انتخابی اصلاحات چاہتی ہے تو اسے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اندرونی انتشار سے سب سے زیادہ نقصان ملک کو ہوتا ہے، سیاسی کشیدگی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ ہم ریڈ لائن عبور کرنے والے نہیں، پاکستان اور ریاست سب سے پہلے ہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سیاسی کشیدگی بڑھی تو ملک اور جمہوریت دونوں کو نقصان پہنچے گا، مولانا فضل الرحمان سے جلد دوبارہ بھی ملاقات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور محسن نقوی کی تقاریر پر تبصرہ نہیں کریں گے اور متنازع معاملات سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ کشیدگی بڑھانے سے نقصان ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button