ڈانو دھاندل ایمبولینس سانحہ: سندھ حکومت کی انکوائری کمیٹی قائم، پی پی ایچ آئی کے تین افسران معطل

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے علاقے ڈانو دھاندل میں ایمبولینس کے اندر آکسیجن سلنڈر کے دھماکے سے پیش آنے والے المناک سانحے کے بعد سندھ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، جبکہ پی پی ایچ آئی تھرپارکر کے تین افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی کے کنوینر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ حیدرآباد ہوں گے۔ کمیٹی میں پی پی ایچ آئی میرپورخاص کے ریجنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر یا ان کے نامزد نمائندے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی پی ایچ آئی حکام نے بھی سانحے کے معاملے پر تھرپارکر میں تعینات اپنے تین افسران کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے انکوائری کمیٹی کے قیام اور افسران کی معطلی کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیے جا چکے ہیں۔ ڈانو دھاندل ایمبولینس سانحے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد واقعے کی شفاف تحقیقات، غفلت کے ذمہ داران کے تعین اور طبی سہولیات میں حفاظتی انتظامات مزید مؤثر بنانے کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں۔انکوائری کمیٹی کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور ذمہ داری کا تعین سامنے آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button