شادی کاجھانسہ دے کر خاتون سے44لاکھ50ہزار روپے ہتھیانےوالاملزم گرفتار

این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم نے میٹرومونیل ایپ پر حسام الدین کے نام سے جعلی شناخت بنا رکھی تھی۔ اس نے شادی کا وعدہ کرکے خاتون سے مجموعی طور پر 44 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے، جبکہ رقم آن لائن بینک ٹرانسفر کے ذریعے منتقل کرائی جاتی رہی۔
ایجنسی کے مطابق رقم بٹورنے کے بعد ملزم نے خاتون کی تبدیل شدہ تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلانے کی دھمکیاں دیں اور تصاویر وائرل کرنے کی دھمکی دے کر مزید رقم حاصل کرنے کی کوشش بھی کی۔
گرفتار ملزم کی شناخت حسام ولد سلیم کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران مزید خواتین کو بھی اسی طریقہ واردات سے نشانہ بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایجنسی نے دیگر متاثرہ خواتین سے اپیل کی ہے کہ وہ سامنے آکر شکایات درج کرائیں، جبکہ ان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے نے میٹرومونیل ایپس اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے آن لائن تعلقات میں مالی لین دین سے پہلے مکمل تصدیق کرنے پر زور دیا ہے۔



