انتخابی اصلاحات کمیٹی30ارکان پر مشتمل ہوگی،قومی اسمبلی اور سینیٹ سےاراکین شامل ہونگے،طارق فضل چودھری

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی سے الیکشن ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی جا چکی ہے، جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی جلد کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کے اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا عمل ابھی باقی ہے۔ قومی اسمبلی میں کمیٹی کی تشکیل سے متعلق تحریک پیش کی گئی تو پاکستان تحریک انصاف نے اس کی مخالفت نہیں کی۔

طارق فضل چودھری کے مطابق مجوزہ کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں قومی اسمبلی سے 20 جبکہ سینیٹ سے 10 اراکین شامل ہوں گے۔ کمیٹی میں نشستوں کی تقسیم ایوانوں میں سیاسی جماعتوں کی عددی نمائندگی کے تناسب سے کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی کے قیام کا مقصد انتخابی نظام میں بہتری، شفافیت اور اصلاحات کے لیے پارلیمانی سطح پر مشاورت اور اتفاقِ رائے کو فروغ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ انتخابی اصلاحات کے عمل میں اپوزیشن سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کی مثبت اور قابلِ عمل تجاویز کو اہمیت دی جائے، تاکہ ایسا انتخابی نظام تشکیل دیا جاسکے جو شفافیت، اعتماد اور جمہوری اقدار کو مضبوط بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کا مشترکہ قومی معاملہ ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو باہمی مشاورت اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button