خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پر مبینہ تشدد،شوہر گرفتار،عدالت نے جیل بھیج دیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ملیحہ سحر پر مبینہ تشدد کے الزام میں ان کے شوہر جواد علی کو گرفتار کرلیا گیا، عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم جواد علی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ ویمن راولپنڈی میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق ملیحہ سحر نے اپنے شوہر پر 2 اکتوبر کی شام جسمانی تشدد، موبائل فون چھیننے اور انہیں کمرے میں محبوس کرنے کا الزام عائد کیا۔
مقدمے کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر ملیحہ سحر کو اہل خانہ اور بچوں سے رابطے کے ساتھ ساتھ پولیس سے مدد لینے سے بھی روکا۔
ایف آئی آر کے متن میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ شوہر کی جانب سے انہیں جان سے مارنے اور بچوں کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دی گئیں۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔



