تبدیلی گالیاں دینے سے نہیں، کچھ کر دکھانے سے آتی ہے، احسن اقبال

نارووال (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ کو قوم کے معمار قرار دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی محنت سے ملک کا مستقبل روشن اور مضبوط ہوتا ہے، جبکہ اچھے استاد قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نارووال آج علم اور یونیورسٹیوں کا شہر بن چکا ہے، یہ تبدیلی ہے، تبدیلی گالیاں دینے یا کسی کو چور چور کہنے سے نہیں آتی بلکہ عملی طور پر کچھ کر کے دکھانے سے آتی ہے، اور ہم نے یہ کر دکھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے غریب خاندانوں کے بیٹے اور بیٹیاں غربت کی زنجیریں توڑ سکتے ہیں۔ نارووال کی دھرتی نے انہیں دولت کی وجہ سے نہیں بلکہ تعلیم کی وجہ سے منتخب کیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انہوں نے عہد کیا تھا کہ غریبوں کے بیٹے اور بیٹیوں کے لیے بہترین تعلیمی ادارے قائم کیے جائیں گے، آج پاکستان بھر میں نارووال کی تعلیمی ترقی کی مثالیں دی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نارووال کے نوجوانوں کو میڈیکل تعلیم کے لیے ضلع چھوڑنے کی ضرورت نہیں رہی، سینکڑوں بچیاں یو ای ٹی نارووال سے انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، جبکہ ہزاروں بچیاں یونیورسٹی آف نارووال سے تعلیم حاصل کرکے اپنے خواب پورے کر رہی ہیں۔



