ایم ٹی آنر25کے باقی3پاکستانی بھی بحفاظت بازیاب،پاکستان واپسی کی تیاریاں

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایم ٹی آنر 25 کے باقی تین پاکستانی عملے کے ارکان عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں بتایا کہ تینوں پاکستانیوں کو جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم کے ہمراہ ادیس ابابا پہنچا دیا گیا ہے، جہاں تینوں عملے کے ارکان کا استقبال کیا جائے گا۔

نائب وزیراعظم کے مطابق تینوں پاکستانی ان شاء اللہ ایتھوپین ایئرلائنز کی کراچی جانے والی پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ ہوں گے، جو متوقع طور پر 7 اکتوبر کو روانہ ہوگی۔

اسحاق ڈار نے عملے کی رہائی میں معاونت پر صومالیہ اور یورپی یونین نیول فورس (EUNAVFOR) آپریشن اٹلانٹا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق ایم ٹی آنر 25 کے قریبی علاقے میں موجود تھے اور عملے کی رہائی یقینی بنانے میں تعاون فراہم کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سمندری قزاقی کے خلاف کارروائی اور بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی و آزادانہ آمدورفت کے تحفظ کے لیے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔

مزید خبریں

Back to top button